Monday, September 16, 2024

نفرتوں کی سیاست کا باب ہمیشہ کیلئے بند کر دیا، اب کوئی ٹارگٹ کلر پیدا نہیں ہو گا: مصطفیٰ کمال

نفرتوں کی سیاست کا باب ہمیشہ کیلئے بند کر دیا، اب کوئی ٹارگٹ کلر پیدا نہیں ہو گا: مصطفیٰ کمال
April 15, 2016
میرپور (نائنٹی ٹو نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ نفرتوں کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لئے بند کر دیا ہے، اب کوئی ٹارگٹ کلر پیدا نہیں ہو گا۔ مصلحت پسندی کا وقت گزر گیا اب فیصلے کرنا پڑیں گے۔ ایم کیو ایم کے را سے تعلقات بارے میں کارروائی ہونی چاہیے یا پھر کلین چٹ دے دی جائے، وہ بھی بات کرنا چھوڑ دیں گے۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال میرپور خاص سے حیدر آباد پہنچے تو کارکنوں نے اُن کا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چوبیس اپریل کو سب باغ جناح پہنچیں۔ نفرتوں کی سیاست ختم کر دی ہے، اب کوئی ٹارگٹ کلر پیدا نہیں ہو گا۔ اس سے پہلے مصطفیٰ کمال نے میرپور خاص میں بازاروں میں جا کر جلسے کے دعوت نامے  تقسیم کئے۔ میرپورخاص میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے اپنی توپوں کا رخ ایم کیو ایم اور اُن کے قائد کی طرف کئے رکھا اور کہا کہ ایم کیو ایم کے بیس برسوں سے ‘‘را’’ سے تعلقات ہیں، اس بات کے ثبوت بھی سامنے آ چکے ہیں۔ اب ایم کیو ایم پر پابندی  لگنی چاہیے۔ مصطفیٰ کمال نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو مشورے دینے پر آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ  ان کی حیثیت کیا ہے کہ وہ ایم کیو ایم یا پاک سرزمین کو مشورے دیں۔ انہوں نے ساتھ ہی ایم کیو ایم کی مزید وکٹیں گرانے کا عندیہ بھی دے دیا۔