Wednesday, May 8, 2024

نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کا الزام ، بانی ایم کیوایم پر فرد جرم عائد

نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کا الزام ، بانی ایم کیوایم پر فرد جرم عائد
October 10, 2019
 لندن (92 نیوز) نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کے الزام میں لندن میں بانی ایم کیوایم پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ برطانیہ سے بیٹھ کر پاکستان مخالف تقریر مہنگی پڑی۔ ایم کیو ایم بانی سلاخوں کے پیچھے پہنچ گئے۔ متحدہ بانی آج میٹروپولیٹن پولیس کے ساؤتھ وارک پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے۔ پہلے فرد جرم عائد کی گئی اور پھرمجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ نفرت انگیز تقاریر پر ایم کیوایم بانی کی یہ تیسری پیشی تھی۔ 12 ستمبر کو بانی ایم کیو ایم 5 گھنٹے پولیس اسٹیشن میں رہے اور بعد میں انہیں ضمانت مل گئی۔ بانی متحدہ ضمانت ختم ہونے پر آج پھر پولیس کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے بانی ایم کیو ایم پر دہشت گردی کیلئے اکسانے پر ٹیرر ازم ایکٹ 2006 کے سیکشن ایک کے تحت فرد جرم عائد کی گئی۔ بانی ایم کیو ایم نے 12 اگست 2016 کو کراچی میں فون پر خطاب کرکے دہشت گردی کیلئے اُکسایا۔ فرد جرم عائد کے بعد بانی ایم کیو ایم کو حراست میں لے لیا گیا۔ 11 جون کو بھی انہیں سنگین جرائم ایکٹ 2007 کی دفعہ 44 کے تحت دانستہ طور پر اکسانے یا جرائم میں معاونت کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1182249441539047424 بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری اور فرد جرم عائد ہونے پر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ٹویٹ کیا امید ہے انصاف ہو گا اور یہ قاتل اپنی زندگی کے  آخری ایام جیل میں گزارے گا۔