Friday, April 26, 2024

نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کا الزام ، بانی ایم کیوایم پر فرد جرم عائد

نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کا الزام ، بانی ایم کیوایم پر فرد جرم عائد
October 10, 2019
 لندن (92 نیوز) نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کے الزام میں لندن میں بانی ایم کیوایم پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ عدالت نے سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے گھر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان مخالف تقریر مہنگی پڑی۔ ایم کیو ایم بانی کو میٹرو پولیٹن پولیس نے گرفتار کرکے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر دیا۔ پولیس افسر نے اس موقع پر فرد جرم پڑھ کر عدالت کو سنائی۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے بانی پر ہر قسم کے سیاسی بیانات اور سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔ یکم نومبر تک اپنے گھر میں رات 12 سے 9 بجے تک کرفیو میں رہیں گے۔ ملک سے باہر سفر اور میڈیا سے گفتگو بھی نہیں کر سکیں گے۔ ایم کیو ایم کے بانی پر پابندیاں فوجداری قوانین کے تحت ہائیکورٹ میں کارروائی شروع ہونے تک برقرار رہیں گی۔ یکم نومبر سے اعلیٰ عدالت فوجداری قانون کے تحت سماعت کا آغاز کرے گی۔ میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے بانی ایم کیو ایم پر دہشت گردی کیلئے اکسانے پر ٹیرر ازم ایکٹ 2006 کے سیکشن ایک کے تحت فرد جرم عائد کی گئی۔ ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی عدالت میں موجود تھے۔ بانی ایم کیو ایم پر فرد جرم عائد ہونے پر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ٹویٹ کیا امید ہے انصاف ہو گا اور یہ قاتل اپنی زندگی کے  آخری ایام جیل میں گزارے گا۔