Friday, April 19, 2024

نغمہ نگار خواجہ پرویز کو دنیا سے رخصت ہوئے 10 سال بیت گئے

نغمہ نگار خواجہ پرویز کو دنیا سے رخصت ہوئے 10 سال بیت گئے
June 20, 2021

لاہور (92 نیوز) خواجہ پرویز کو دنیا سے رخصت ہوئے 10 سال بیت گئے، شاعر خواجہ پرویز کے گیتوں کی بازگشت آج بھی سنائی دیتی ہے۔

پاکستان فلم انڈسٹری کو لازوال گیت دینے والے خواجہ پرویز اٹھائیس دسمبر انیس سو بتیس کو امرتسر میں پیدا ہوئے۔

قیام پاکستان کے بعد اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور لاہور کو اپنا مسکن بنایا۔ 50 کی دہائی میں گیت نگاری سے وابستہ ہوئے مگر فلمی شاعر کے طور پر حقیقی پہچان ان کے 1964ء میں لکھے گئے نغمے ’’ تم ہی ہو محبوب میرے، میں کیوں نہ تمہیں پیار کروں ‘‘ سے ملی۔

خواجہ پرویز نے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد فلمی نغمے تحریر کیے۔ انہیں یہ کمال حاصل تھا کہ وہ بیک وقت اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں گیت نگاری کرتے تھے۔

خواجہ پرويز کا ہر فلمی گیت شائقینِ موسیقی پر سحر طاري کرديتا، ملکہ ترنم نور جہاں، نصرت فتح علی خان اور مہدی حسن جیسے گلوکاروں نے خواجہ پرويز کے لکھے گيتوں کو اپنی آواز دے کر ہمیشہ کے لئے امر کرديا۔

خواجہ پرویز 20 جون 2011 کو جگر کے عارضے کے باعث انتقال کرگئے لیکن ان کے نغموں کی گونج اور چاشنی آج بھی ان کی یادوں کو تروتازہ رکھے ہوئے ہے۔