Saturday, April 20, 2024

نعیم الحق کی نمازجنازہ آج کراچی میں ادا کی جائے گی

نعیم الحق کی نمازجنازہ آج کراچی میں ادا کی جائے گی
February 16, 2020
کراچی (92 نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کینسر سے لڑتے لڑتے زندگی ہار گئے، نمازجنازہ آج کراچی میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور دیگر اہم رہنماؤں کے ساتھ دیرینہ دوست نعیم الحق کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے آج کراچی پہنچیں گے۔ جنوری 2018 میں نعیم الحق کو بلڈ کینسر تشخیص کیا گیا جس کے بعد سے ان کا علاج جاری تھا اور وہ سیاسی سرگرمیوں سے دور تھے۔ نعیم الحق کراچی کے نجی اسپتال میں کچھ دن سے زیر علاج تھے، 9 فروری کو وزیراعظم عمران خان نے نعیم الحق کے گھر جاکر ان کی عیادت کی تھی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور عون چودھری بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نعیم الحق عمران خان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے تھے،ہمیشہ پارٹی کاز کیلئے جدوجہد کی۔ تحریک انصاف کے رہنماء خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ نعیم الحق کی نماز جنازہ آج نماز عصر کے بعد مسجد عائشہ خیابان اتحاد میں ادا کی جائے گی، تحریک انصاف کے رہنماؤں شفقت محمود، فردوس شمیم اور دیگر رہنماؤں نے افسوس کا اظہارکیا۔