Thursday, April 18, 2024

نعیم الحق سپرد خاک ، بیٹے امان نے میت لحد میں اتاری

نعیم الحق سپرد خاک ، بیٹے امان نے میت لحد میں اتاری
February 16, 2020
کراچی ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق سپرد خاک کر دیے گئے ، ان کی تدفین گذری قبرستان  میں  کی گئی ۔ نعیم الحق کے صاحبزادے امان نے والد کی میت لحد میں اتاری ،  تدفین کے وقت گورنر سندھ ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی موجود تھے ۔ اس سے قبل  نعیم الحق کی نماز جنازہ  خیابان اتحاد میں ادا کی گئی تھی ،  نعیم الحق گزشتہ روز کینسر کے مرض کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے تھے ۔ نماز جنازہ سے قبل وزیرداخلہ اعجازشاہ اور فردوس عاشق کی نعیم الحق کے گھر جاکر تعزیت کی  ، نعیم الحق کینسر کے مرض میں مبتلا تھے ، گزشتہ روز وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی  فواد چودھری نے نعیم الحق کے انتقال کی خبر دی تھی ۔ فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نعیم الحق ایک شیر کی طرح کینسر سے لڑے ،وہ میرے بڑے بھائی ، دوست  تھے ،  میں ہمیشہ ان کی کمی محسوس کرتا رہوں گا، اللہ انہیں جوار رحمت میں جگہ دے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دیرینہ ساتھی نعیم الحق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق میرے بہت قریب ، دیرینہ ساتھی تھے ، وہ پی ٹی آئی کے 10 بانی ممبران میں سے تھے ۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ میں اپنے دیرینہ ساتھی کی موت پر انتہائی افسردہ ہوں ،ان کا شمار پی ٹی آئی کے  10 بانی اور وفادار ترین  ممبران  میں ہوتا ہے ،پی ٹی آئی کی 23 سالہ جدوجہد میں وہ میرے شانہ بشانہ رہے ، وہ ہر اس  گھڑی میں ہمارے ساتھ رہے جب  ہم پر مشکل ترین وقت تھا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آخری دو سالوں میں میں نے انہیں کینسر سے  عزم و ہمت کے ساتھ لڑتے ہوئے دیکھا ، آخر تک وہ  پارٹی کے امور اور کیبنٹ اجلاسوں میں شرکت کرتے رہے  ، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء پر نہ ہو سکے گا۔