Wednesday, May 1, 2024

نعیم الحق اور خرم نواز گنڈا پور میں میڈیا سے پہلے بات کرنے کی ضد پر جھگڑا

نعیم الحق اور خرم نواز گنڈا پور میں میڈیا سے پہلے بات کرنے کی ضد پر جھگڑا
November 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سیاست دانوں نے سپریم کورٹ کے احاطے کو بھی سیاسی اکھاڑہ بنا دیا۔ نعیم الحق اور خرم نواز گنڈاپور میں شدید تلخ کلامی ہو گئی۔ شیخ رشید‘ جہانگیر ترین اور اعجاز چودھری مل کر بھی خرم نواز گنڈاپور کو نہ منا سکے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے پہلے بات کرنے کی ضد نے دو سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کو آپس میں لڑوا دیا۔ سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت مکمل ہوئی تو پی ٹی آئی کے رہنماوں نے سب سے پہلے ڈائس سنبھال لیا۔ اس دوران عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈاپور باہر آئے تو جگہ نہ دینے پر ان کی ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق سے تلخ کلامی ہو گئی۔ شیخ رشید اور دیگر افراد نے بیچ بچاوکرانے کی کوشش کی لیکن بات نہ بنی۔ شیخ رشید نے منع کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا لائیوہے‘ ایسا نہ کریں۔ خرم نواز گنڈا پور اتنا برہم ہوئے کہ کسی کے ہاتھ نہ آئے۔ جہانگیر ترین نے منایا، دوستی کے واسطے دیے، اعجاز چودھری نے بازو پکڑ لیا لیکن خرم نواز نہ مانے۔ لڑائی کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور کا کہنا تھا کہ انہوں نے نعیم الحق سے کہا پہلے انہیں بات کر لینے دیں لیکن وہ نہیں مانیں جس پر تلخ کلامی ہوئی۔ نعیم الحق کے معافی مانگنے تک وہ بات نہیں چھوڑیں گے۔ نائنٹی ٹو نیوزسے خصوصی گفتگو میں شیخ رشید نے توقع ظاہرکی کہ معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔ مبصرین کہتے ہیں کہ عوامی تحریک اورتحریکِ انصاف کے رہنماوں کی حالیہ تلخ کلامی دونوں جماعتوں کے اتحاد پر برا اثر ڈال سکتی ہے۔