Thursday, April 18, 2024

نعت خواں الحاج یوسف میمن طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے

نعت خواں الحاج یوسف میمن طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے
October 27, 2019
کراچی (92 نیوز) حمد و ثناء اور شان رسولﷺبیان کرنے والے نعت خواں الحاج یوسف میمن طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے، اہل خانہ کے مطابق یوسف میمن سانس کی تکلیف کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ پاکستان کے معروف اور ہر دلعزیز نعت خواں الحاج محمد یوسف میمن کراچی میں انتقال کر گئے، 60 سالہ یوسف میمن گذشتہ کئی روز سےعارضہ قلب اور سانس کی تکلیف میں مبتلا تھے۔ الحاج محمد یوسف میمن کا شمار پاکستان کے نامور نعت خواں میں ہوتا تھا، محمد یوسف نے پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں مدحت مصطفیٰ ﷺکے ذریعے لوگوں کے اذہان و قلوب کو معطر و منور کیا۔ محمد یوسف اپنے مخصوص اند از اورطرز کی وجہ سے نعت خوانوں میں ایک الگ مقام رکھتے تھے۔ آپ کی مشہور نعتوں میں’’ معراج والے آقا من میں بسائوں  میرے کملی والے کی شان ہی نرالی ہے کو شہرت دوام حاصل ہوئی۔ محمد یوسف نے سوگواروں میں 2 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی مرحوم عارضہ قلب اور سانس کی تکلیف میں طویل عرصے سے مبتلا تھے، یوسف میمن کو گزشتہ ہفتے فالج کا اٹیک بھی ہواتھا۔ الحاج محمد یوسف میمن کی نماز جنازہ کل نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد پہاڑی مسجد شہید ملت روڈ کراچی میں ادا کی جائے گی۔