Friday, March 29, 2024

نظام ٹھیک ہو گا تو اسکا فائدہ ملک کو ہو گا ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور

نظام ٹھیک ہو گا تو اسکا فائدہ ملک کو ہو گا ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور
March 5, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا نظام ٹھیک ہو گا تو اسکا فائدہ ملک کو ہو گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ یہ وقت اکٹھے ہونے کا ہے۔ اس وقت تمام جماعتیں یک زبان ہیں۔ وزیراعظم نے بھارت کو پلوامہ حملے میں تحقیقات کی پیش کی۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کسی کے کہنے پر نہیں کر رہے۔ نیشنل ایکشن پلان سے متعلق  ڈی جی آئی ایس پی آر بولے نیشنل ایکشن پلان 2014 میں بنا۔ اس وقت پلوامہ یا اس طرح کا واقعہ نہیں ہوا تھا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں چل رہی ہیں۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے خلاف  پابندی کا فیصلہ جنوری میں ہو گیا تھا۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر جس طریقے سے عملدر آمد ہونا چاہیے تھا اس طرح نہیں ہو سکا۔ کچھ معاشی مسائل بھی تھے۔ اگر سسٹم ٹھیک ہوجاتا ہے تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہی ہو گا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دے دی ہے۔ نہیں چاہتے خطے کا امن متاثر ہو۔ کنٹرول لائن پر بھارت کی اشتعال انگیزی جاری ہے لیکن پاک افواج جارحیت کا بھرپور جواب دینے کےلیے تیار ہیں۔ پاکستان بھارت کشیدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 26 سے 28 فروری تک دونوں ممالک کے درمیان کافی تناؤ رہا۔ پاکستان نے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔ ایک بھارتی پائلٹ گرفتار کیا جسے رہا کر دیا گیا جبکہ دوسرا بھارتی پائلٹ مارا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان پچھلے پندرہ، بیس سال سے  دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے ۔ وزیراعظم نے بھارت کو پلوامہ پر تحقیقات کرنےکا کہا، اگربھارت نے کسی کا نام دیا ہے تو تحقیقات کی جائیں گی اور انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔