Wednesday, April 24, 2024

نظام شمسی کے آغاز سے متعلق پرانے نظریات تبدیل ہو گئے

نظام شمسی کے آغاز سے متعلق پرانے نظریات تبدیل ہو گئے
October 29, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) ناسا کی بھیجی گئی خلائی گاڑی روزیٹا نے پی 67 نامی دمدار ستارے کے آس پاس گیس کے بادلوں میں حیرت انگیز طور پر مولیکیولر آکسیجن کو دریافت کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ دریافت ان سائنسدانوں کے لیے حیران کن ہے جن کے خیال میں سیاروں کی تخلیق آکسیجن اور دیگر عناصر کے درمیان زبردست ردعمل سے ہوئی۔ اس نئی دریافت کے نتائج اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ نظام شمسی کے وجود میں آنے سے متعلق پائے جانے والے موجودہ نظریات غلط بھی ہوسکتے ہیں۔ یہ نئی تحقیق سائنسی جریدے ”نیچر“ میں شائع ہوئی ہیں۔ تحقیق دانوں کے مطابق اس ستارے کے آس پاس جو چار چیزیں آسانی سے دستیاب ہیں اس میں پانی کی بھاپ، کاربن مونواوکسائیڈ اور کاربن ڈائی اوکسائیڈ کے بعد فری آکسیجن ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق جب انہوں نے پہلی بار روزیٹا سے بھیجے گئے شواہد کو دیکھا تو انہوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کردیا کیونکہ کسی دمداد ستارے پر ایسی چیزیں ملنے کی توقع سائنسدانوں کو بالکل بھی نہیں تھی۔ محققین کا کہنا ہے کہ نظام شمشی کے بننے کی ابتدا میں ہی آکسیجن بڑی جلدی سے جم گئی ہو گئی اور مختلف مادوں کے جھنڈ میں پھنس گئی ہوگی۔ سائنسدانوں کے موجودہ نظریات کے مطابق نظام شمسی بننے کا عمل اتنا متشدد تھا کہ جمی ہوئی آکسیجن پہلے پگھلی ہوگی پھر دوسرے عناصر سے اس کا ردعمل ہوا ہوگا لیکن اس نئی دریافت سے تو ایسا لگتا ہے کہ نظام شمسی کے بننے کا عمل کافی پر سکون رہا ہوگا۔