Thursday, May 9, 2024

نطنز جوہری پلانٹ میں ہونے والا نقصان 10 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، محمود احمدی نژاد

نطنز جوہری پلانٹ میں ہونے والا نقصان 10 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، محمود احمدی نژاد
May 31, 2021

تہران (92 نیوز) ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے ریاستی رازوں سے پردہ اٹھانا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا، نطنز جوہری پلانٹ میں ہونے والا نقصان 10 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق احمدی نژاد نے کہا تھا کہ اگر انہیں صدارتی امیدوار کے طور پرقبول نہ کیا گیا توہ ریاستی راز افشا کردیں گے۔ اہم ریاستی اور حساس رازوں میں ایک اہم راز 11 اپریل کو ایران کے نطنز جوہری پلانٹ میں ہونے والے دھماکے ہیں۔ سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا کہنا ہے نطنز جوہری پلانٹ میں ہونے والا نقصان 10 ارب ڈالر سے زیادہ ہے مگر حکومت نے کہا تھا کہ زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ، توقوزآباد پلانٹ کی حساس جوہری دستاویزات چوری کی گئیں۔ ایران کے خلائی پروگرام کی حساس دستاویزات بھی چوری کی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق احمدی نژاد کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہیں دستوری کونسل کی طرف سے صدارتی انتخابات کےلیے نا اہل قرار دیا گیا ہے۔

احمدی نژاد نے ریاستی اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کی ان کی جاسوسی اور نگرانی کی جا رہی ہے۔