Thursday, May 9, 2024

نصرت عباسی نے سر کاوس جی انسٹیٹیوٹ آف سائیکیاٹری حیدرآباد کا دورہ، سہولیات پر اظہار تشویش

نصرت عباسی نے سر کاوس جی انسٹیٹیوٹ آف سائیکیاٹری حیدرآباد کا دورہ، سہولیات پر اظہار تشویش
July 6, 2020
حیدرآباد (92 نیوز) مسلم لیگ فنکشنل کی رہنماء رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے سر کاوس جی انسٹیٹیوٹ آف سائیکیاٹری حیدرآباد کا دورہ کیا، اسپتال میں صحت و صفائی کے فقدان، غیر معیاری کھانے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی غیر تسلی بخش سہولیات پر تشویش کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ فنکشنل کی رہنماء رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے حیدرآباد کے سر سی جے نفسیاتی اسپتال کا دورہ کیا، وہ ایم ایس کی غیر موجودگی پر برہم ہوگئیں‏، مختلف وارڈز کے دورے کے دوران صحت و صفائی کے فقدان پر انہوں نے تشویش کا اظہار کیا۔ نصرت سحر عباسی کے دورے کی خبر ملتے ہی نفسیاتی اسپتال کے ایم ایس اسپتال پہنچ گئے اور نصرت سحر عباسی کو دورہ کرنے سے منع کیا جس پر دونوں میں تکرار ہوگئی۔ نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کا نفسیاتی اسپتال ایشیاء کا سب سے بڑا نفسیاتی اسپتال ہونے کے باوجود تباہی سے دوچار ہے، بلاول بھٹو کو چیلنج ہے کہ وہ پہلے اس اسپتال کا دورہ کریں باقی سندھ کی بات بعد میں ہوگی۔ نصرت سحر عباسی کے دورے کے دوران مریضوں نے ان کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔