Friday, May 17, 2024

نشوہ کیس کیلئے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ منظور

نشوہ کیس کیلئے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ منظور
April 29, 2019
کراچی ( 92 نیوز)کراچی کے دارالصحت اسپتال میں غلط انجکشن سے جاں بحق ننھی نشوہ کے والد کا احتجاج رنگ لے لیا،سندھ حکومت نے نشوہ کیس  کی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ مان لیا۔صوبائی مشیر اطلاعات مرتضی وہاب نے نشوہ کے والد  کو فون پر یقین دہانی  کے بعد  دھرنا ختم کردیا گیا۔ نشوہ کیس کی تحقیقاتی کیلئے کمیشن سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ  جج کی سربراہی میں قائم کیا جائے گا، مشیر اطلاعات مرتضی وہاب نے نشوہ کے والد قیصر علی کو آگاہ کردیا۔

نشوہ کیس میں گرفتار ملزم کے اہلخانہ کے ہراساں کئے جانے کا انکشاف

ننھی نشوہ کے لئے دھرنے میں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت سول سوسائٹی ،  اہل محلہ اور متاثرین دارالصحت  نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا شہر بھر میں قائم بغیر لائسنس یافتہ ہسپتالوں کو فوری بند کیا جائے۔ اس موقع پر نشوہ کے والد  نے تحقیقاتی  کمیشن کے قیام پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کردیا اور دھرنہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس سے قبل نشوہ کے والد نے حکومت  سے واقعے پر ریٹائرڈ جج کی نگرانی میں آزادانہ انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا ، انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ دارالصحت اسپتال کو مکمل سیل کیا جائے یا ایسے سرکاری تحویل میں لیکر چلایا جائے۔ قیصر علی نے مطالبہ کیا کہ دارالصحت اسپتال کے تینوں مالکان کو گرفتار کیا جائے اور آزادانہ انکوائری کمیشن بنایا جائے۔ انہوں نے ہفتے کی شام پانچ بجے تک کی ڈیٹ لائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ  مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کریں گے۔ نشوہ کے والد کا کہنا تھا کہ کمپرومائز کے لئے کسی سیاسی جماعت نے دباؤ نہیں ڈالا، پولیس کے روئے میں بہتری آئی  لیکن ان کی تفتیش سے مطمئن نہیں۔ ڈیڈ لائن تک حکومت کی جانب سے مطالبہ تسلیم نہ کرنے پر نشوہ کے والد نے دھرنا دیا جس کے بعد مطالبہ تسلیم کر لیا گیا۔