Friday, May 10, 2024

نسیم شاہ کی آنکھیں دوران پریس کانفرنس والدہ کا ذکر کرتے نَم ہوگئیں

نسیم شاہ کی آنکھیں دوران پریس کانفرنس والدہ کا ذکر کرتے نَم ہوگئیں
December 23, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی ٹیسٹ میں سری لنکا کیخلاف دوسری اننگز میں فاسٹ باولر نسیم شاہ نے31 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ نوجوان باولر کی آنکھیں اُس وقت نَم ہوگئیں جب پریس کانفرنس کے دوران اپنی مرحوم والدہ کا ذکر کیا۔ان کا کہنا تھا آج والدہ زندہ ہوتیں تو سب سے زیادہ خوش ہوتیں۔ سری لنکا کی دوسری اننگز تہس نہس کرنے والے فاسٹ بائولر نسیم شاہ پریس کانفرنس کے دوران اپنی مرحوم والدہ کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ میری ماں ہمیشہ سپورٹ کرتی رہیں۔ نسیم شاہ کا کہنا تھا والدہ حیات ہوتیں تو سب سے زیادہ خوش ہوتیں ۔۔ اور پرفارمنس اپنی ماں کے نام کردیتا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا۔ نوجوان فاسٹ بالر نے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر، وسیم اکرم اور وقاریونس کو رول ماڈل قرار دیا جبکہ کم عمرترین 5 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ کراچی ٹیسٹ جتواکر یادگار بنانے پر نسیم شاہ نے نیشنل اسٹیڈیم کے آنر بورڈ پر دستخط بھی کیے۔ دوسری جانب نسیم شاہ کے والد مظفر خان کا کہنا ہے ان کے بیٹے نے سخت محنت کی جس کا اسے صلہ مل رہا ہے، نسیم کی مرحومہ والدہ کی دعائیں بھی ہمیشہ اسکے  ساتھ رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کی کامیابی پر نازاں ہیں۔