Saturday, May 11, 2024

نسیم شاہ کو بہتر کار کردگی دکھانے پر ڈیمانڈ بڑھ گئی

نسیم شاہ کو بہتر کار کردگی دکھانے پر ڈیمانڈ بڑھ گئی
December 26, 2019
لاہور ( 92 نیوز) نسیم شاہ کو بہتر کارکردگی دکھانے پرڈیمانڈ بڑھ گئی، نسیم شاہ انڈر 19 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے یا اگلے برس فروری میں بنگلہ دیش کیخلاف مجوزہ ٹیسٹ سیریز کا حصہ ہوں گے ، سینئر اور جونیئر ٹیم مینجمنٹ کیلئے نیا مسئلہ کھڑا ہوگیا،دونوں ہونہار فاسٹ باؤلر کو اپنی اپنی ٹیموں کا حصہ بنانے کے خواہاں ہیں۔ سری لنکا کیخلاف کراچی ٹیسٹ کی دوسری اننگز  میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے نسیم شاہ کو ہیڈ کوچ مصباح الحق بنگلہ دیش کیخلاف اگلے ماہ مجوزہ ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کا حصہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں  جبکہ انڈر19ٹیم کے ہیڈکوچ اعجازاحمد انہیں انڈر19ورلڈکپ کھلانا چاہتے ہیں۔ انڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے 6 دسمبر کو اعلان کردہ اسکواڈ میں نسیم شاہ کا نام بھی شامل ہے ،ایونٹ   17جنوری سے 10فروری تک جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا ، پاکستان جنوری کے آغاز سے قبل اپنی مرضی سے اسکواڈ میں تبدیلی کرسکتا ہے، اسکے بعد کسی کھلاڑی کے زخمی ہونے کی صورت میں ہی نسیم شاہ متبادل کے طور پر ٹیم کا حصہ بن سکیں گے۔ اعجازاحمد کاکہنا ہے نسیم شاہ نے انڈر19ٹیم کیساتھ ٹریننگ کررکھی ہے، انہوں نے مصباح الحق سے نسیم شاہ کو ریلیز کرنے کی درخواست کی ہے  کیونکہ  بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز ابھی تک فائنل نہیں ہوسکی۔ ہیڈکوچ کے مطابق  نسیم شاہ انڈر19ورلڈکپ میں پاکستان کیلئے ترپ کا پتہ ثابت ہوسکتے ہیں۔