Thursday, March 28, 2024

نسلہ ٹاور گرانے کے خلاف نظرثانی کی درخواست مسترد

نسلہ ٹاور گرانے کے خلاف نظرثانی کی درخواست مسترد
September 22, 2021 ویب ڈیسک

کراچی(92 نیوز) سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور گرانے کے خلاف نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور گرانے کےخلاف نظرثانی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے نسلہ ٹاور گرانے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست مسترد کر دی۔ کمشنر کراچی کو نسلہ ٹاور منہدم کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم  دے دیا۔

الاٹیز کے وکیل منیر اے ملک نے کہا کہ پورا نسلہ ٹاور گرانے کا حکم مناسب نہیں۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ لاہور میں غیر قانونی فلور گرانے کا حکم دیا تھا جس سے عمارت کی بنیادیں کمزور ہورہی تھی۔ اسی لئے پوری عمارتیں گرانے کا حکم دیا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے اپارٹمنٹ لینے سے پہلے کیوں نہیں دیکھا ؟آپ کو نہیں پتا کتنی جعلسازی ہوتی ہے؟ معائنہ کئے بغیر کیسے خرید لیتے ہیں؟ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ آپ کو راستہ دیا ہے مارکیٹ ویلیو کے حساب سے پیسے مل جائیں گے۔

وکیل نے کہا کہ یہ کریں گے تو پورا کراچی گرانا پڑے گا۔ میرا اور آپ کا گھر بھی اسی شہر میں ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر ان کا  گھر غیر قانونی سمجھتے ہیں تو وہ بھی گرا دیں۔ وکیل نے کہا کہ وزیراعلی سندھ نے ایک زمانے میں یہ زمین دی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ یہ مغلوں کا زمانہ تو نہیں، وزیر اعلی کچھ بھی کر لیں۔