Wednesday, May 15, 2024

نسلہ ٹاور گرانے کا معاملہ، پیش رفت رپورٹس اور تصاویر عدالت میں جمع

نسلہ ٹاور گرانے کا معاملہ، پیش رفت رپورٹس اور تصاویر عدالت میں جمع
November 26, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) نسلہ ٹاور گرانے کے معاملے پر کمشنر کراچی نے پیش رفت رپورٹس اور تصاویر عدالت میں جمع کرا دیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ کمشنر کراچی نے  پیش رفت رپورٹس اور تصاویرعدالت میں جمع کروائیں اور بتایا کہ گراونڈ فلور سمیت تین فلور کی مکمل دیواریں گرا دی گئی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یہ بلڈنگ نیچے سے گرانے کا کیا طریقہ ہوتا ہے۔ کب تک گرانے کا عمل مکمل ہو گا۔ کمشنر کراچی نے بتایا کہ دوسو لوگ کام کر رہےہیں، عمارت گرانے کا کوئی وقت نہیں دے سکتے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ چار سو لوگ لگائیں، ایک ہفتے میں عمارت گرائیں اور رپورٹ پیش کریں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ متاثرین کو معاوضہ دلوائے بغیر ایسا نہیں کریں۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حافظ نعیم کو جھاڑ پلا دی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یہاں کوئی سیاست نہیں چلے گی۔ آپ کو کیا دلچسپی ہے اس عمارت میں، آپ کو ابھی توہین عدالت کا نوٹس دے دیں گے۔

سپریم کورٹ میں بہادر آباد، کراچی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں رفاہی پلاٹس پر قبضے سےمتعلق کیس کی بھی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ منسٹری ورکس نے تمام سوسائٹیز کے لے آؤٹ پلان غائب کر دیے۔ ان تمام لے آؤٹ کو اب تبدیل کیا جا رہا ہے۔ سندھی مسلم سوسائٹی کا حال تو یہ ہے کوئی چل نہیں سکتا۔ یہ شہر رہنے کے لیے چھوڑا نہیں۔ ہر جگہ کو کمرشلائزڈ کر دیا گیا۔ ملک میں کالا پیسہ زیادہ ہے۔ کمرشلائزیشن سے انڈسٹریز بند ہو گئیں۔ لوگوں نے انڈسٹریز ختم کرکے پیسہ زمینوں پر لگا دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے کراچی کا بیڑا غرق کر دیا۔ ہر کونے پر مارکیٹں اور دکانیں بنا دی گئیں۔

چیف جسٹس نے سیکرٹری منسٹری ورکس پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزرات ورکس نے تو ہل پارک بھی اٹھا کر بیچ دیا تھا۔ عدالت نے آئندہ رفاہی پلاٹس پر کمرشل سرگرمی یا تعمیر نہ کرنے کا حکم صادر کر دیا۔