Sunday, September 8, 2024

نسلہ ٹاور کیس، اینٹی کرپشن کی قائم کردہ کمیٹی کے چیئرمین غلام عباس میمن معطل

نسلہ ٹاور کیس، اینٹی کرپشن کی قائم کردہ کمیٹی کے چیئرمین غلام عباس میمن معطل
January 2, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) نسلہ ٹاور کیس میں اینٹی کرپشن کی قائم کردہ کمیٹی کے چیئرمین غلام عباس میمن کو معطل کر دیا گیا۔

سپریم کورٹ کے نسلہ ٹاور گرانے اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کے احکامات کے معاملے پر ایک کمیٹی کے چیئرمین کو کام شروع ہونے سے پہلے ہی ہٹا دیا گیا۔

اینٹی کرپشن کی جانب سے بنائی گئیں دو کمیٹیوں میں سے ایک کے چیئرمین غلام عباس میمن کو چیئرمین اینٹی کرپشن نے معطل کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اینٹی کرپشن نے دو انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی تھیں جس میں سے غلام عباس میمن کو ایک کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا تھا۔

غلام عباس میمن کو کمشنر کراچی کی جانب سے ایس بی سی اے افسران کے اوپر لگائے گئے کرپشن معاملے کی انکوائری کرنی تھی تاہم چیئرمین اینٹی کرپشن نے انکوائری رپورٹ مکمل کرنے سے پہلے ہی انکوائری کمیٹی کے چیئرمین کو معطل کر کے اینٹی کرپشن سکھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر احمد علی شیخ کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایسٹ تعینات کر دیا  جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

غلام عباس میمن نے ڈی جی کے ڈی اے آصف میمن کو گرفتار کیا تھا جنھیں بعد میں عدالت سے ضمانت مل گئی  تھی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے  آصف میمن پر کمزور کیس بنانے کی وجہ سے سندھ حکومت اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایسٹ غلام عباس میمن پر ناراض ہوئی تھی۔