Wednesday, April 24, 2024

نریندر مودی کا بیان قابل مذمت، بھارت آج بھی پاکستان کی خودمختاری اورسلامتی کوچیلنج کرنا چاہتا ہے: خورشید شاہ

نریندر مودی کا بیان قابل مذمت، بھارت آج بھی پاکستان کی خودمختاری اورسلامتی کوچیلنج کرنا چاہتا ہے: خورشید شاہ
June 9, 2015
اسلام آباد (92نیوز) اپوزیشن رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نریندر مودی کا بنگلہ دیش میں بیان بھارتی منفی رویے کا عکاس ہے۔ پاکستان تمام ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ بجٹ پر مایوسی ہوئی، حکومت زراعت کی ترقی کےلئے عملی اقدامات کرے، قائد حزب اختلاف نے پولیس کی تنخواہوں میں 100فیصد اضافے کا مطالبہ کردیا۔ سپیکر ایازصادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہو ا جس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بجٹ پربحث کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا بنگلہ دیش میں بیان قابل مذمت ہے، بھارت نے پاکستان کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا، بھارت آج بھی پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کو چیلنج کرنا چاہتا ہے، نریندر مودی کے بیان پر وزارت خارجہ کی خاموشی پر افسوس ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 400میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کیے جانے کا دعوی کیا گیا لیکن بجلی کہاں ہے، حکومت لوڈ شیڈنگ پر قابو نہیں پاسکی۔ قائد حزب اختلاف خورشید نے کہاکہ بجٹ میں انہی لوگوں پر ٹیکس لگا دیا گیا جو پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں، نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں نہیں لایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران ملک میں کسانوں کے حالات پہلے سے زیادہ خراب ہوئے ہیں، حکومت زراعت کے شعبے کو نظرانداز کرناچھوڑ دے ۔