Saturday, May 18, 2024

نریندر مودی پھر وزیراعظم ہونگے ، بھارتی عوام نے فیصلہ دیدیا

نریندر مودی پھر وزیراعظم ہونگے ، بھارتی عوام نے فیصلہ دیدیا
May 23, 2019

 نئی دہلی (92 نیوز) نریندر مودی پھر وزیراعظم ہونگے ، بھارتی عوام نے فیصلہ دیدیا۔ لوک سبھا الیکشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی  ( بی جے پی )  کو واضح برتری حاصل ہے ۔

 غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پانچ سو بیالیس رکنی پارلیمنٹ میں بھارتی جنتا پارٹی اور اُس کے اتحادی گروپ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے تین سوانچاس نشستوں پر  واضح برتری حاصل کر لی ہے ۔

 تنہا بی جے پی تین سو سے زائد  نشستوں پر سبقت لیے ہوئے ہے۔ دو ہزار چودہ کے انتخابات میں بی جے پی نے دو سو بیاسی سیٹیں حاصل کی تھیں، انیس سو چوراسی کے بعد یہ  پہلا موقع ہے جب  کوئی پارٹی مسلسل دو بار  اپنے بل بوتے پر  حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

 کانگریس کی سربراہی میں یونائٹڈ پروگریسو الائنس بھارتی عوام کو رام کرنے میں ناکام ہو گیا۔ غیر حتمی  غیر سرکاری نتائج کے مطابق اپوزیشن اتحاد کو ستانوے نشستوں  پر برتری حاصل ہے جبکہ  صرف کانگریس کی سیٹوں کی تعداد  اکاون ہے۔

 نریندر مودی نے نئی دہلی میں  پارٹی ہیڈ کوارٹر پر کارکنوں سے خطاب  کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔

 نریندر مودی نے کہا آئندہ بری نیت اورمقصد کے تحت یا اپنی ذات کیلئے کوئی کام نہیں کریں گے بلکہ ہر کام آئین کے دائرہ کار میں ہوگا۔ خود کو فقیر قرار دے دیا اور کہا اس فقیر کو نوازنے پر عوام کے شکر گزار ہیں۔ اب کوئی سیکولرازم کے نام پر عوام کو دھوکہ نہیں دے سکے گا۔  

 کانگریس کے صدر  راہول گاندھی نے انتخابات میں اپنی شکست قبول کرکے  وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی۔ انتخابات میں  دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کی جریوال کی جماعت عام آدمی پارٹی کا صفایا ہوگیا جس نے صرف ایک نشست حاصل کی۔