Wednesday, May 8, 2024

نریندر مودی اور وفد کی پرتکلف ضیافت ... بل پی آئی اے کے کھاتے

نریندر مودی اور وفد کی پرتکلف ضیافت ... بل پی آئی اے کے کھاتے
December 31, 2015
لاہور (92نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان پر پی آئی اے کو مہمانوں کی تواضع سوا دو لاکھ روپے میں پڑی۔ بھارتی وفد کی لاہور ایئرپورٹ پر پرتکلف ضیافت کا خرچہ قومی ائیرلائن نے برداشت کیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان کے موقع پر سول ایوی ایشن حکام نے پی آئی اے کو سوا دو لاکھ روپے کا چونا لگا دیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے حالیہ دورہ افغانستان سے وطن واپسی پر اچانک لاہور رک گئے۔ یہاں انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کی نواسی مہرالنسا کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ نریندر مودی اور ان کے ساتھی جب لاہور ایئرپورٹ پر اترے تو ان کے اعزاز میں ایک پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ اس ضیافت کے اخراجات نہ تو وزیراعظم نے برداشت کیے نہ ہی وزارت خارجہ کو اس سلسلے میں ذمہ دار ٹھہرایا گیا بلکہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلیٰ افسر شیر علی نے دو لاکھ دس ہزار روپے معاشی طور پر ڈگمگاتی ہوئی قومی ایئرلائن پی آئی اے کے کھاتے سے وصول کر لیے اور اسٹیٹ گیسٹ لاونج میں بھارتی وفد کے لیے ہائی ٹی کا بندوبست کیا۔ 92 نیوز کے پاس موجود دستاویزی ثبوت کے مطابق سول ایوی ایشن کے افسر شیر علی نے بھارتی وفد کے کھانے کے لیے پی آئی اے کے کاونٹر سے جو رقم وصول کی اس کی رسید بھی لکھ کر جمع کرائی۔ پی آئی اے ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت کی ذہنی حالت عجیب ہے۔ ایک جانب تو پی آئی اے کو اس کی کمزور معاشی صورتحال کا بہانہ بنا کر نجکاری کا ہدف بنایا جا رہا ہے تو دوسری جانب نجی تقریب میں شادی کے لیے پہنچنے والے غیرملکی مہمانوں کی خاطر تواضع کے لیے اسی قومی ادارے کی لوٹ کھسوٹ کی جا رہی ہے۔