Tuesday, May 14, 2024

ندیم خان ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح کے معاون مقرر

ندیم خان ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح کے معاون مقرر
October 18, 2019
لاہور (92 نیوز) بھاری معاوضے پر پی سی بی میں خدمات فراہم کرنیوالے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اورچیف سلیکٹرمصباح الحق کا ہاتھ بٹانے کیلئے ایک اور سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کو انکا معاون مقرر کر دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں شاہ خرچیوں کا سلسلہ جاری ہے،32لاکھ ماہانہ تنخواہ پانے والے ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹرمصباح الحق کی معاونت کیلئے سابق ٹیسٹ کرکٹرندیم خان کو قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیاہے ۔ندیم خان 6 ریجنل کوچز اور مصباح الحق کے درمیان رابطہ کار کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کے مطابق ندیم خان کا ٹیم کی سلیکشن میں کوئی کردار نہیں ہوگا تاہم وہ کوچزسے مسلسل رابطے میں رہیں گے، تمام ڈومیسٹک میچز دیکھ کر اپنی رپورٹ سلیکشن کمیٹی کو پیش کریں گے۔ ندیم خان سابق کپتان معین خان کے بھائی ہیں،انہوں نے اپنے کیرئیر میں دو ٹیسٹ، دو ون ڈے اور 153فرسٹ کلاس میچ کھیل رکھے ہیں۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ میں مصباح الحق کے دوعہدے رکھنے کیخلاف مقامی وکیل علی زاہد بخاری نے درخواست دائرکردی،درخواست گزار کا موقف ہے مصباح مطلوبہ اہلیت نہیں رکھتے،انکی ناتجربہ کاری کی وجہ سے ٹیم کا نقصان ہورہا ہے ،انہیں فوری طور پر دونوں عہدوں سے ہٹایا جائے۔