Thursday, March 28, 2024

نجی ہسپتالوں میں مریضوں کے گردے نکالنے کا انکشاف، اس گھناونے کاروبار پر خاموش نہں رہیں گے  : سپریم کورٹ

نجی ہسپتالوں میں مریضوں کے گردے نکالنے کا انکشاف، اس گھناونے کاروبار پر خاموش نہں رہیں گے  : سپریم کورٹ
August 30, 2016
اسلام آباد(92نیوز)راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہورکے نجی اسپتالوں میں مریضوں کے گردے نکالنے انکشاف ہوا ہے، سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کہتے ہیں کہ غریب عوام کے گردے نکال کرکویتی اور سعودی شہریوں کو فروخت کیے جارہے ہیں، ہم پریشان کیوں نہ ہوں۔ تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ میں انسانی اعضا کی پیوند کاری کے خلاف ازخود نوٹس کی  سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے عدالت میں رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ کمشنر لاہور کو جینکس ہسپتال اور البدر ہسپتال  کےخلاف گردے چوری کی انکوائری کا حکم جاری کردیا ہے جبکہ راولپنڈی کے السید کڈنی ہسپتال میں مریضوں کی لاعلمی میں ان کے گردے نکالنے کے حوالے سے سی پی او راولپنڈی کی رپورٹ بھی جمع کرائی گئی، رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ہسپتال میں ایک غریب مریض کا گردہ نکالنے کی شکایت تین اگست کو پولیس کو کی گئی۔ ادھر السید ہسپتال نے اسلام آباد کے ایک بڑے نجی ہسپتال کے خلاف سپریم کورٹ میں شواہد کے ساتھ درخواست بھی دائر کردی۔ اسپتال کے وکیل نے کہا کہ لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں اتنے غیر ملکی اعضاء خریدنے آتے ہیں جتنے بھارت نہیں جاتے۔ جس پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ ایک اسپتال میں کویتی اور سعودی  شہریوں کو گردے بیچے جارہے ہیں ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ چیف جسٹس انورظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ آج تک کسی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوئی۔ سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر انسانی اعضاء کی پیوند کاری کے ماہر ڈاکٹرز کو عدالتی معاون بنانے کی ہدایت کردی کیس کی سماعت  اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی گی۔