Sunday, May 12, 2024

نجی بینکوں کو قرضوں کی اقساط کی وصولی سے روکنے بارے کیس میں فریقین کو نوٹس جاری

نجی بینکوں کو قرضوں کی اقساط کی وصولی سے روکنے بارے کیس میں فریقین کو نوٹس جاری
April 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) نجی بینکوں کو قرضوں کی اقساط کی وصولی سے روکنے سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت، سیکرٹری وزارت خزانہ سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔ نجی بینکوں کو قرضوں کی اقساط کی وصولی سے روکنے کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ درخواست گزار رفیق الرحمن پیش ہوئے۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے تحت 75 ہزار روپے کا قرض لیا، وہ نجی کمپنی میں موٹرسائیکل چلا کر گزر بسر کر رہا ہے۔ لاک ڈائون کے باعث زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ بینک قرض کی قسط مانگ رہا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا لاک ڈائون کے باوجود نجی بینک والے تنگ کر رہے ہیں۔ کاروبار بند ہیں ، متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟؟یہ ایک شہری کا مسئلہ نہیں، اجتماعی معاملہ ہے۔ سیکرٹری خزانہ نمائندہ مقرر کرے جو عدالت کو رپورٹ پیش کرے۔ آئندہ سماعت تک قرضوں کی اقساط کی وصولی کے لیے شہریوں کو ہراساں نہ کیا جائے۔ عدالت نے نیشنل رورل اسپورٹ پروگرام کے حکام سمیت تمام فریقین سے 17 اپریل تک جواب طلب کرتے ہوئے صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور وکیل عمر گیلانی کو عدالتی معاونین مقرر کر دیا۔ دوبارہ سماعت 17 اپریل کو ہو گی۔