Thursday, April 25, 2024

نجی اسکولز کی فیسوں میں اضافہ ، مفت تعلیم کی فراہمی کے اقدامات کی رپورٹ طلب

نجی اسکولز کی فیسوں میں اضافہ ، مفت تعلیم کی فراہمی کے اقدامات کی رپورٹ طلب
April 9, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) نجی اسکولز کی فیسوں میں اضافہ سے متعلق کیس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مفت تعلیم کی فراہمی کیلئے کیے گئے اقدامات پر مبنی رپورٹ طلب کر لی گئی۔

 دوران سماعت چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے استفسار کیا کہ بتایا جائے آرٹیکل 25 اے پر کس حد تک عمل کیا جا رہا ہے۔ ریاست تعلیم کی فراہمی میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ آئندہ سماعت پر حکومتیں تیار ہو کر آئیں اور حساب دیں۔ آئین کا آرٹیکل 18 کاروبار اور تجارت کی بات کرتا ہے۔ کیا سکولنگ تجارت ہے یا کاروبار؟۔  

 چیف جسٹس نے کہا نجی سکولز کیساتھ حکومت سے بھی پوچھیں گے وہ کیا کر رہی ہے۔ پہلے گلی محلوں میں سرکاری تعلیمی ادارے ہوتے تھے۔ اب وہ پرائمری سکول بھی نظر نہیں آتے۔ سرکاری سکول اور ان کا پہلے والا معیار آخر کہاں گیا؟ بھاری فیس ادا نہ کر سکنے والا ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے ۔

 انھوں نے کہا سرکاری سکول میں مفت کتابیں ، یونیفارم اور دودھ کا گلاس دیا جائے۔ سہولیات دیکر فیصلہ عوام پر چھوڑا جائے کہ سکول جانا ہے یا مدارس ۔ کیس کی سماعت سوموار تک ملتوی کر دی گئی۔