Friday, April 19, 2024

نجی اسکول نے ننھے طلبا کو بیٹ مین، الہ دین اور سنڈریلا کے کرداروں میں ڈھال دیا

نجی اسکول نے ننھے طلبا کو بیٹ مین، الہ دین اور سنڈریلا کے کرداروں میں ڈھال دیا
November 24, 2017

کوئٹہ (92 نیوز) بچوں کیلئے کارٹون کردار کسی آئیڈئل سے کم نہیں ہوتا۔ مشہور کارٹون کرداروں جیسے ملبوسات پہننا، انہی جیسی حرکات و سکنات اورانداز گفتگو اپنانا بچوں کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے۔ کوئٹہ کے نجی اسکول نے ننھے طلبا کو بیٹ مین ، الہ دین اور سنڈریلا کے کرداروں میں ڈھال دیا۔
کوئٹہ کے نجی اسکولوں میں سالانہ تفریحی تقریبات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایسی ہی ایک تقریب نجی اسکول نے مقامی شاپنگ مال میں سجائی جہاں بچے اپنے اپنے پسندیدہ کارٹون کرداروں جیسے ملبوسات زیب تن کر کے شریک ہوئے اور اپنے انہی کارٹون کرداروں جیسی حرکات و سکنات کرتے دکھائی دیئے۔
کہیں بیٹ مین نظر آیا تو کہیں سنڈریلا۔ کوئی الہٰ دین کا روپ دھارے نمودار ہوا تو کہیں پری موجود تھی اور کوئی بحری قزاق بنا ہوا تھا۔
بچوں نے مال میں موجود لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کیلئے پریڈ بھی کی۔
بچوں نے اسٹیج  پر آ کر اپنے اپنے کردار کو اسی انداز میں پیش کیا تو والدین کے ساتھ ساتھ دیگر شرکا بھی ان کے معصومانہ انداز کو سراہے بغیر نہ رہ سکے۔
والدین نے کہا کہ بچوں کی خود اعتمادی سے ان کی محنت وصول ہو گئی۔
انتظامیہ نے کہا کہ بچوں کو ان کی خواہشات کے مطابق کارٹون کرداروں میں ڈھالنا آسان نہیں تھا جس کے لئے اساتذہ نےخوب محنت کی۔
دوسری طرف والدین بھی اپنے بچوں کی خوبصورت یادوں کو اپنے کیمروں میں محفوظ کرتے دکھائی دئیے۔