Thursday, April 18, 2024

نجکاری کمیشن نے سٹیل ملز کو تیس سال کیلئے لیز پر دینےکی منظوری دیدی

نجکاری کمیشن نے سٹیل ملز کو تیس سال کیلئے لیز پر دینےکی منظوری دیدی
January 17, 2017
اسلام آباد(92نیوز)نجکاری کمیشن نے پاکستان سٹیل ملز کو تیس سال کے لیے لیز پر دینے کی منظوری دے دی۔ لیز کے لیے وفاقی حکومت پاکستان سٹیل ملز اور نجی شعبہ کے درمیان معاہدہ کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت سٹیل ملز کے واجبات ادا کرے گی ،گیس اور بجلی بھی بحال کرے گی۔ تفصیلات کےمطابق مسلسل خسارے کا شکار پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری ممکن نہ ہوسکی ، نجکاری کمیشن نے پاکستان سٹیل ملز کو 30 سال کے لیے لیز پر دینے کی منظوری دے دی ہے، فیصلہ نجکاری  کمیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کی ۔ اجلاس کو سٹیل ملز کی مالی حالت پر بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسٹیل چلانے کے قابل نہیں رہی، سٹیل ملز کے واجبات اور قرضے دو سو ارب روپے سے زائد ہوچکے ہیں۔ موجودہ حکومت نے سٹیل مل کو چلانےکے لیے اٹھارہ ارب روپے کا بیل آوٹ پیکیج دیا ، سٹیل مل جون دوہزار پندرہ سے بند پڑی ہے مگر تنخواہوں کی مد میں دس ارب روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔ اسٹیل مل کی نجکاری کی کوشش کی گئی مگر کامیاب نہیں ہوسکی۔ اسٹیل مل کو لیز پر لینے کے لیے ایرانی اور چینی کمپنیاں رضا مند ہیں ، جس پر نجکاری کمیشن نے پاکستان اسٹیل ملز کو تیس سال کے لیے لیز پر دینے کی منظوری دے دی۔ وفاقی حکومت ، پاکستان اسٹیل ملز اور انویسٹرز کے درمیان معاہدہ کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت اسٹیل ملز کے تمام واجبات کا بوجھ خود اٹھائے گی ۔ وفاقی حکومت پاکستان اسٹیل ملز کی گیس اور بجلی بحال کرے گی اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے گی ۔ نجکاری کمیشن اسٹیل ملز کو لیز پر دینے کے لیے اظہار دلچسپی جاری کرے گا۔ لیز پر لینے والی کمپنیوں کو قواعد کے مطابق منتخب کیا جائے گا۔ سٹیل ملز کی لیز کا اسٹرکچر کابینہ کی نجکاری کمیٹی میں پیش کیا جائے گا ۔ جس کا اجلاس آئندہ پیر کو ہوگا۔ نجکاری کمیشن نے ایس ایم ای بینک کی نجکاری کی منظوری بھی دے دی ہے۔