Thursday, March 28, 2024

نجکاری پروگرام‘ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات کل دبئی میں ہوں گے

نجکاری پروگرام‘ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات کل دبئی میں ہوں گے
May 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) کیا بیچنا ہے اور کب بیچنا ہے؟ پاکستان کل آئی ایم ایف کو بریفنگ دیگا۔ پاکستان نجکاری پروگرام میں تاخیر کے بعد پاکستان اسٹیل ملز، پی آئی اے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے نئی ڈیڈ لائنز پیش کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی لیول مذاکرات کل دبئی میں شروع ہوں گے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خزانہ اسحاق ڈار جب کہ آئی ایم ایف وفد کی قیادت ہیرالڈ فنگر کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نجکاری پروگرام پر آئی ایم ایف کو مطمئن کرے گا۔ پی آئی اے، اسٹیل ملز اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر بریفنگ دی جائے گی۔ پاکستان اسٹیل ملز او رپی آئی اے کی نجکاری کا عمل مسلسل سست روی کا شکار ہوگیا۔ حکومت نے آئی ایم ایف کو تحریری یقین دہانی کرائی تھی کہ اسٹیل ملزکانجکاری عمل 15 مئی 2016ءتک شروع کردیا جائے گا تاہم اس کے باوجود وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے اسٹیل ملز کا نجکاری عمل 10جون تک موخر کر دیا۔ حکومت پہلے ہی آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرا چکی ہے کہ اسٹیل ملز کا نجکاری عمل دسمبر 2016ءتک مکمل کرلیا جائے گا جب کہ پی آئی اے کو کمپنی میں تبدیل کرنے کا بل منظور کرا لیا گیا ہے۔ گیارہویں جائزہ مذاکرات کی کامیابی پر پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرض کی اگلی قسط جاری کی جائے گی۔