Saturday, April 20, 2024

نجم سیٹھی کا آئی سی سی کے عبوری صدر بننے کا امکان

نجم سیٹھی کا آئی سی سی کے عبوری صدر بننے کا امکان
April 14, 2015
دبئی (ویب ڈیسک) نجم سیٹھی  یکم جولائی کو بارہ ماہ کے لیے آئی سی سی کے باقاعدہ صدر کا عہدہ سنبھالیں گے تاہم اس سے قبل وہ چند ماہ کے لیے عبوری صدر بھی بن سکتے ہیں۔ بنگلہ دیش بورڈ کے سابق صدر مصطفے کمال رواں ماہ کے آخر تک آئی سی سی کے صدر تھے تاہم ان کے اچانک استعفے کے بعد اب یہ نشست خالی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو مصطفے کمال کا متبادل تجویز کرنا تھا لیکن ان کی طرف سے ابھی کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔ آئی سی سی بورڈ کا سہ ماہی اجلاس کل سے دبئی میں شروع ہو رہا ہے۔ اجلاس میں عبوری صدر کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔ کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق نجم سیٹھی کو آئی سی سی کے عبوری صدر کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ مصطفے کمال نے اپنا عہدہ ورلڈ کپ کے دوران پیش آنے والے دو واقعات کی بنیاد پر چھوڑا تھا۔ پہلا واقعہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کوارٹر فائنل میچ کے دوران پیش آیا۔ بھارتی بلے باز روہت شرما آؤٹ ہوئے تو امپائر نے گیند کو نو بال قرار دے کر انہیں آ ؤٹ ہونے سے بچا لیا جس کا بنگلہ دیش کو نقصان ہوا۔ مصطفے کمال نے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے استعفی دینے کی دھمکی دے دی۔ دوسرا واقعہ ورلڈ کپ فائنل کے بعد پیش آیا جب آئی سی سی کے چیرمین سری نواسن نے فاتح ٹیم کو ٹرافی دی۔ مصطفے کمال نے اس اقدام پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور صدر ٹرافی دینا ان کا حق تھا۔