Sunday, May 5, 2024

نثارمورائی کے جرائم کی تحقیقات پیپلزپارٹی کے لاڈلے افسر راﺅ انوار کے سپرد

نثارمورائی کے جرائم کی تحقیقات پیپلزپارٹی کے لاڈلے افسر راﺅ انوار کے سپرد
May 12, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ حکومت کا دباو یا پولیس کی جی حضوری۔ بیرون ملک مقیم سندھ کی اعلیٰ شخصیت کے دوست اور فشرمین کو آپریٹیو سوسائٹی کے گرفتار سابق چیئرمین نثار مورائی سے مشترکہ تفتیش کی ٹیم کی سربراہی پیپلز پارٹی کے لاڈلے افسر راو انوار کو سونپ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نثار مورائی سے مشترکہ تفتیش کرنے والی ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی ملیرراو انوار کے سپرد کر دی گئی ہے۔ ذرائع کہتے ہیں کہ نثار مورائی بیرون ملک مقیم سندھ کی سب سے بااثر اور اعلیٰ شخصیت کے قریبی دوست ہیں جبکہ راو انوار صوبے میں اسی اہم ترین شخصیت کے من پسند اور لاڈلے افسر سمجھے جاتے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نثار مورائی سے مشترکہ تفتیش کرنے والی ٹیم میں اسپیشل برانچ، کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ اور حساس اداروں کے افسر شامل ہونگے۔ ایس ایس پی ملیر کی بطور سربراہ جے آئی ٹی کے نوٹیفکیشن نے کئی اداروں میں تشویش پیدا کردی ہے جبکہ بعض اہم ادارے اس تعیناتی پر تحفظات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب نیب کی ٹیم نے بھی فشرمین کو آپریٹیو سوسائٹی کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ قبضے میں لے کر سمندری راستوں سے رقوم، اسلحے اور منشیات کی اسمگلنگ کے حوالے سے تفتیش کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ٹیم نے نثار مورائی اور گرفتار ملزم سلطان قمر صدیقی کے روابط پر بھی تفتیش کی ہے۔