Saturday, May 18, 2024

شکست خوردہ اظہرعلی کی کپتانی پر سوالیہ نشان لگ گیا

شکست خوردہ اظہرعلی کی کپتانی پر سوالیہ نشان لگ گیا
January 22, 2017

سڈنی (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ون ڈے میں بھی پاکستانی بری طرح ناکام ہو گئی۔ باؤلنگ اور فیلڈنگ کی کمزوریوں نے ایک بار پھر اظہر علی کی قائدانہ صلاحیتوں پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ اظہرعلی چوتھےمیچ میں واپسی پرکوئی کمال نہ دکھا سکے،  کپتانی اوربیٹنگ میں ایک بار پھر ناکام رہے۔

سڈنی میں گرین شرٹس کی باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ناکامی کے نتیجے میں کینگروز نے تین سو چون رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا جس سے اظہرعلی کی کپتانی کی صلاحیتوں کاپول کھل گیا۔ اس کے بعد کپتان جب اوپننگ کے لئے میدان میں آئے تو شائقین نے امیدیں باندھ لیں کہ شاید وہ اپنے بلے سے ہی کوئی کارنامہ دکھا دیں لیکن وہ آئے اور صرف سات رنز بنا کر چل دیے۔

یوں ان کی انفرادی کارکردگی بھی صفررہی۔ اظہرعلی کی غیرموجودگی میں حفیظ نے دوسرے ون ڈے میں ٹیم کو فتح دلائی تو کپتان کی تبدیلی کی افواہیں گردش کرنے لگیں مگر تیسرے ون ڈے میں شکست کے بعد ٹیم انتظامیہ نے ایک بار پھر اظہر علی کی کپتان برقرار رہنے کی توثیق کر دی۔

پاکستانی کرکٹ شائقین سوچنے پر مجبور ہیں کہ اگر اظہر علی کی قیادت میں ٹیم کی کارکردگی کا یہی حال رہنا ہے تو پی سی بی کو ون ڈے کپتان کی تبدیلی پر غور شروع کر دینا چاہیے۔