Friday, March 29, 2024

نامور قوال امجد صابری کے مداح آج ان کی 50 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

نامور قوال امجد صابری کے مداح آج ان کی 50 ویں سالگرہ منا رہے ہیں
December 23, 2020

کراچی (92 نیوز) قوالی سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے امجد صابری آج زندہ ہوتے تو اپنی 50 ویں سالگرہ مناتے۔ امجد صابری کی یاد آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

صوفیانہ کلام اور محبت بھر انداز امجد صابری کی لازوال شخصیت کی یاد ابھی تک دلوں میں تازہ  ہے۔ مشہور  قوال گھرانے میں آنکھیں کھولنے والے امجد صابری نے والد اور چچا سے تربیت حاصل کرتے ہوئے محض آٹھ سال کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا۔

امجد صابری نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت تک میں اپنی آواز کا جادو بکھیرا۔ انہیں کئی ایوارڈز کے ساتھ پرائڈ آف پرفارمنس بھی ملا۔ ان کے گائے جانے والے عارفانہ کلام میں سرلامکاں سے طلب ہوئی ، بھردو جھولی میری یامحمد، جس نے مدینے جانا ہے کر لو تیاریاں بہت مشہور ہوئے۔

چار برس قبل سولہ رمضان المبارک میں ملزمان نے فائرنگ کرکے اس آواز کو ہمیشہ کے لئے خاموش کر دیا لیکن وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔