Monday, May 13, 2024

نامور صحافی اور سینئر کالم نگار شاہین صہبائی 92 نیوز میڈیا کا حصہ بن گئے

نامور صحافی اور سینئر کالم نگار شاہین صہبائی 92 نیوز میڈیا کا حصہ بن گئے
January 29, 2021

اسلام آباد (92 نیوز)دنیائے صحافت کا بڑا نام، نامور صحافی اور سینئر کالم نگار شاہین صہبائی 92 نیوزمیڈیا گروپ کا حصہ بن گئے۔ مایہ ناز صحافی بطور چیف پولیٹیکل ایڈیٹر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے، پرائم ٹائم ٹاک شو کریں گے اور گروپ کے اخبارات میں کالمز بھی لکھیں گے۔

شاہین صہبائی صحافت کا وسیع ترین تجربہ رکھتے ہیں، پانچ دہائیوں سے اپنےغیرجانبدار تبصروں، باریک بین تجزیوں اوربے باک کالمز کے ذریعے حق گوئی کی ذمہ داریاں بخوبی نبھارہے ہیں۔

شاہین صہبائی92 نیوز میڈیا گروپ میں بطور چیف پولیٹیکل ایڈیٹر فرائض سرانجام دیں گے، وہ ہمارے ناظرین کے لئے 92 نیوز ایچ ڈی پلس پر پرائم ٹائم ٹاک شوکریں گے۔ جب کہ قارئین 92 نیوزمیڈیا گروپ کے اردو اور انگریزی اخبارات میں ان کے کالم بھی پڑھ سکیں گے۔

شاہین صہبائی نےمختلف اردو اور انگریزی اخبارات میں بطور گروپ ایڈیٹر، بیورو چیف اورفارن کارسپنڈنٹ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ 2002 میں واشنگٹن میں پہلے انٹرنیٹ اخبار کاقیام عمل میں لانے کااعزاز بھی حاصل کیا۔

شاہین صہبائی کالم نگاری اور بنتےبگڑتے حالات وواقعات کی تصویر کشی میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے۔اپنی نمایاں کارکردگی کے باعث کئی صحافتی ایوارڈزبھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

کیا ہورہا ہے اور کیا ہونے جارہا ہے،قومی سلامتی کے معاملات ہوں یا بات ہو ملکی سیاسی بساط کی، عالمی افق پر رونما ہونے والی تبدیلیاں ہوں یاپھرخطے میں ہونے والا اتارچڑھاؤ،،ہرموضوع پر ان کی گرفت ان کا طرہ امتیاز ہے۔

ایسے موضوعات پر انہوں نے بے شمار لکھااور میدان صحافت میں اپنا لوہا منوایا۔