Thursday, May 9, 2024

نامور اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 16 برس بیت گئے

نامور اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 16 برس بیت گئے
May 24, 2021

لاہور (92 نیوز) مزاحیہ فن اداکاری سے چہروں پرمسکراہٹیں بکھیرنے والے نامور اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 16 برس بیت گئے۔ رنگیلا نے 600 سے زائد فلموں میں فن کے جوہر دکھائے، جو کردار بھی ادا کیا بےمثال کیا۔

یکم جنوری 1937ء کو ننگرہار میں پیدا ہونے والے سعیدخان روزگار کی تلاش میں لاہور آئے اور پھر یہیں کے ہورہے۔ اُنہوں نے روزگار کا آغاز پاکستانی فلم انڈسٹری کے سائن بورڈ پینٹ کر کے کیا۔

ایک مرتبہ ایک ڈائریکٹر کو اپنی فلم کے لئے مزاحیہ کردار کی ضرورت پڑی تو اس نے سعیدخان کو پیش کش کی، سعیدخان نے رنگیلا بننے میں ایک لمحے کی بھی دیرنہ کی۔

اداکار رنگیلا کی مزاحیہ اداکاری نے فلمی شائقین کو ایک عرصے تک اپنے سحرمیں جکڑے رکھا، رنگیلا نے ظرافت کو اس قدر رنگین بنا دیا کہ لفظ رنگیلا مزاح کی علامت بن گیا۔

رنگیلا پروڈکشن میں اُنہوں نے اپنی ذاتی فلمیں بنائیں اور خود بطورِڈائریکٹر اور سنگر بھی کام کیا۔

انیس سو انہتر میں ان کی فلم ’’ دیا اورطوفان ‘‘میں رنگیلا کے گائے گانے ’’ گا میرے منوا گاتا جارے، جانا ہے ہم کو دور ‘‘ نے شہرت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

رنگیلا چوبیس مئی دوہزار پانچ کو اڑسٹھ سال کی عمر میں انتقال کر گئے لیکن ان کے انمٹ فنی نقوش آج بھی ان کی یاد دلاتے ہیں۔