Tuesday, April 30, 2024

نامناسب انتظامات پر سعودی وزارت حج کی عمرہ کمپنیوں کو وارننگ

نامناسب انتظامات پر سعودی وزارت حج کی عمرہ کمپنیوں کو وارننگ
December 17, 2015
ریاض(92نیوز)سعودی عرب کی وزارت حج نے عمرہ کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ زائرین کے لئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش کے مناسب انتظامات نہ کرنے کی صورت میں کمپنی کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا اور کمپنی مالکان کو سزا کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔ تفصیلات کےمطابق سعودی عرب کی وزارت حج نے عمرہ زائرین کے لئے نامناسب انتظامات پر عمرہ کمپنیوں کو سخت تنبیہ جاری کی ہےسعودی وزارت حج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کے لئے رہائش کا مناسب انتظام نہ کرنے والی کمپنیوں کو جرمانے کئے جائیں گے اگر زائرین بغیر رہائش پائے گئے تو سعودی حکومت انہیں دستیاب ہوٹلوں میں ٹھہرا کر کمپنیوں کے زر ضمانت سے کرایہ ادا کر دے گی اور کمپنیوں کو تفتیش اور سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سعودی وزارت حج نے عمرہ کمپنیوں کو پابند کیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود زائرین کی تعداد سے بھی وزارت کو آگاہ رکھیں۔ زائرین کی آمد سے پہلے ان کے لئے رہائش اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کریں رہائش صرف ان عمارتوں میں دی جائے جن کو سعودی محکمہ شہری دفاع کی طرف سے محفوظ ہونے کا لائسنس مل چکا ہو زائرین کا ڈیٹا ای ٹریک سے منسلک کریں شرائط کی خلاف ورزی پر کمپنی کو نہ صرف جرمانہ ہوگا بلکہ ان کا اجازت نامہ بھی منسوخ کر دیا جائے گا۔