Saturday, April 20, 2024

نامساعد حالات کے باوجود ڈٹے ہوئےہیں : فاروق ستار

نامساعد حالات کے باوجود ڈٹے ہوئےہیں : فاروق ستار
March 18, 2017
کراچی (92نیوز)ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی آج بھی بائیس اگست والی ایم کیو ایم کےساتھ کھڑی ہے جبکہ وہ اور اُن کے ساتھی اُس ایم کیو ایم کو چھوڑ چکے، نامساعد حالات کے باوجود ڈٹےہوئے ہیں ، مردم شماری میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف عدالت جا رہے ہیں ۔ فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ تفصیلات کےمطابق سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے تینتیسویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پرجوش خطاب میں شعر و شاعری کے ذریعے اپنی گرفتاری کی داستان سنائی۔ فاروق ستار پاکستان پیپلزپارٹی پر بھی خوب گرجے اور واضح کہہ دیا کہ پیپلزپارٹی آج بھی بائیس اگست والی ایم کیو ایم کے ساتھ ہے جب وہ اور اُن کے ساتھی راستے جدا کر چکے ۔ فاروق ستار نے اپنے مخصوص انداز میں ملک میں جاری مردم شماری میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان  ڈاکٹر فاروق ستار نےکوٹہ سسٹم کے تحت دی جانے والی ملازمتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کر رہے ہیں تو کم از کم ایک پیکیج بھی دے دیں ۔ اُنہوں نے جہاں گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا وہیں کہا کہ پاکستان کو 5 سال کے لیے ایم کیو ایم کے حوالے کردیں تو وہ ا س کو دنیا کی تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ ریاست بنا دیں گے۔