Saturday, May 4, 2024

نامزد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

نامزد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
May 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے شبرزیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ نامزد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شبرزیدی کی چیئرمین ایف بی آر تقرری دو سال کے لیے اعزازی طور پر کی گئی ہے ۔ شبر زیدی بطور چیئرمین تنخواہ نہیں لیں گے لیکن ان کے پاس چیئرمین کےتمام اختیارات ہوں گے۔ اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیے جانے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد ایف بی آر کے اندرونی حلقوں کی جانب سے اس کی شدید مخالفت کی گئی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران بھی یہ معاملہ زیر غور آیا اور اراکین نے پارٹی چیئرمین سے شکوہ کیا کہ حکومتی پالیسیوں میں عوام کے نمائندوں کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا، پارلیمنٹ میں بھی اہل لوگ موجود ہیں ۔ وزیراعظم  عمران خان  نے بھی گزشتہ روز شبر زیدی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ بھی موجود تھے۔ واضح رہے شبر زیدی ٹیکس امور کے ماہر اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور وہ 2013 کے انتخابات سے قبل بننے والی سندھ کی عبوری حکومت میں وزیر بھی رہے ۔ شبر زیدی کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔