Friday, March 29, 2024

نامزد امریکی وزیر دفاع نے پاکستان کو اہم اتحادی قرار دے دیا

نامزد امریکی وزیر دفاع  نے پاکستان کو اہم اتحادی قرار دے دیا
January 22, 2021

واشنگٹن (92 نیوز)جو بائیڈن کی قیادت میں امریکا پاکستان کیساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے ، نامزد امریکی وزیر دفاع نے پاکستان کو اہم اتحادی قرار دے دیا، جنرل لائڈ آسٹن نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔

نامزد امریکی وزیر دفاع جنرل لائڈ آسٹن کا کہنا ہے کہ افغان امن عمل میں پاکستان امریکا کا اہم اتحادی رہا ہے، وہاں سیاسی مفاہمت کرانے میں بھی پاکستان کا اہم کردار ہوگا، افغانستان میں قیام امن میں رکاوٹ بننے والے علاقائی عناصر کو روکنے میں بھی پاکستان امریکا کا مددگار ہے۔

نامزدگی کی توثیق کیلئے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں پیش ہونے والے جنرل لائڈ آسٹن نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا، جنرل آسٹن کا کہنا تھا کہ القاعدہ اور داعش کو شکست دینے اور علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

نامزد امریکی وزیر دفاع نے پاک فوج کیساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا، جنرل لائڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ پاک فوج کیساتھ بہتر تعلقات سے امریکا اور پاکستان کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔