Sunday, May 19, 2024

نالائق حکومت بھی کسی سانحہ سے کم نہیں، مریم نواز

نالائق حکومت بھی کسی سانحہ سے کم نہیں، مریم نواز
May 23, 2019
بہاولپور (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے تحریک انصاف کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نالائق حکومت بھی کسی سانحہ سے کم نہیں۔ مریم نواز کی بہاولپور میں ن لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمان کے گھر آمد  ہوئی جہاں انہوں نے اہلیہ اور بیٹے کی وفات پر اظہار تعزیت کی۔ تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا اللہ والدین کو اولاد کا دکھ نہ دکھائے۔ بہاولپور میں مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا میاں صاحب کی نمائندگی بھی کررہی ہوں ۔ بلیغ صاحب کی اہلیہ اور بیٹے کی وفات پر میں نے انہیں رنجیدہ دیکھا ہے ۔ جیل سے کھانے کے ساتھ پرچیاں بھیجیں اور دکھ کا اظہار کیا۔ مریم نواز بولیں قمر الزمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال کا بھی نہایت دکھ ہے ۔ اسامہ کے ساتھ جاں بحق ہونے والے بچے کی ناگہانی موت کا بھی دکھ ہے۔ انہوں نے کہا مہمند سے تعلق رکھنے والی بچی فرشتہ کے ساتھ جو ہوا انتہائی قابل دکھ ہے ۔ میں نہیں جانتی وہ کون ہیں لیکن میں بھی ایک بیٹی ہوں اور ماں بھی ہوں ۔ انہوں نے کہا پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا، حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ فرشتہ پاکستانی تھی اسے انصاف فراہم کریں ۔ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا گیس کی قیمتوں میں چند ماہ میں پانچ سے چھ فیصد اضافہ ہو گیا ۔ گھروں میں کام کرنے والی خاتون کے گھر کا بجلی کا بل پچیس ہزار روپے آیا ہے ۔ غریب بچوں کی روٹی پوری کرے کہ بل ادا کرے۔ مریم نواز کا کہنا تھا نالائق حکومت بھی کسی سانحہ سے کم نہیں۔ روز صبح ایک ہی خبر آتی ہے کہ دس مہینوں میں ایک بھی اچھی خبر پاکستان کے بارے میں نہیں آتی ۔ شکنجبین کے لیے غریبوں کو  لیموں تک مہیا نہیں ہے ۔ لیموں کی قیمت چار سو روپے کلو کردی گئی ۔ بجلی،  گیس اور پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔ مریم نواز بولیں میاں صاحب نے کہا کہ میں تو عوام کے درمیان نہیں جاسکتا لیکن جائیں اور عوام کا ساتھ دیں ۔ خاوند بیوی سے گھر کے دیگر افراد مہنگائی کی وجہ سے ایک دوسرے لے لڑ رہے ہیں ۔ دوائیاں مہنگی اور کھانے کو روٹی تک مہنگی ہو گئی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چور وزیراعظم ہے، ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آیا ۔ میں اسکو وزیر اعظم نہیں کہتی بلکہ نالائق اعظم کہتی ہوں ۔ کبھی کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانے والے کہتے تھے کہ خود کشی کرلوں گا ہاتھ نہیں پھیلاوں گا ۔ اس نے بھیک نہیں مانگی بلکہ پورے ملک کے خزانے کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کر دی ہیں ۔ مریم نواز کا کہنا تھا نالائق اعظم نے آٹھ مہینوں میں ملک کا کیا حشر کردیا ہے ۔ لوگ کہتے ہیں کہ اس کی حکومت گرنی چاہیئے لیکن میں کہتی ہوں کہ انہیں حکومت کرتے رہنا چاہیئے تاکہ ان کے دعوں کا پول کھل جائے ۔ لوگ دیکھ لیں کہ جب ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو کیا حال ہوتا ہے ۔ آخر میں مریم نواز کا کہنا تھا سابق ایم این اے اور ایم پی ایز کو سٹیج پر ویلکم کیا گیا لیکن کارکنان خواتین کو اسٹیج کے نزدیک بھی نہ آنے دیا گیا ۔ اسٹیج کے قریب نہ آنے پر خواتین کا رکنان پھٹ پڑیں اور کہنے لگیں مریم نواز کی آمد پر خواتین کارکنوں کا اسٹیج پر ہونا چاہیئے تھا ۔