Friday, March 29, 2024

ناقص سکیورٹی انتظامات پر کے پی حکومت کا 70 سکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

ناقص سکیورٹی انتظامات پر کے پی حکومت کا 70 سکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
March 30, 2015
پشاور(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا کی حکومت نے صوبے میں ناقص سکیورٹی انتظامات کرنےو الے 70سکولوں کے خلاف کریمنل ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رائٹرز کے مطابق خیبر پختونخواکی حکومت نےآرمی پبلک سکول دھماکے جس میں بچوں سمیت 153لوگوں کی شہادت ہوئی تھی کے بعد صوبے بھر میں سکولوں کی چار دیواری ان پر حفاظتی باڑ اور مسلح سکیورٹی گارڈ رکھنے کی ہدایت کی تھی ۔ تقریباًچارماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجودکوہاٹ اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں 70ایسے سکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو خطرناک ہیں اور انہوں نے سکیورٹی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے۔ صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہےکہ ہم ان 70خطرناک سکولوں کے خلاف ایکشن لینے کے بارے میں فیصلہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان سکول مالکان کے ساتھ معاہدہ بھی کیا تھا کہ وہ اپنے اپنے سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے،دیواروں کو اونچاکرنے اور ان پر باڑ لگانے اور مسلح سکیورٹی گارڈ رکھنے ہونگے اور ان سکولوں کو ڈیڈ لائن دینے میں بھی کئی بار توسیع کی گئی تھی لیکن انہوں نے اس پر توجہ نہیں دی اب ان کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ صوبائی وزیرتعلیم کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ سکیورٹی آلات مہنگے ہونے کی بات درست نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو آدمی سکول چلاتا ہے اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ سکیورٹی انتظامات بھی پورے کرے ۔ انہوں نے کہا کہ میری کوئی سی سی ٹی وی کیمروں کی دکان نہیں ہے کہ میں سکول مالکان پر دباو ڈال رہا ہوں کہ وہ ضرور خریدیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی پر دباؤ ڈالنے میں دلچسپی نہیں ہے لیکن سکیورٹٰی انتظامات مکمل نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا ۔