Friday, April 19, 2024

ناظم جوکھیو قتل کیس، گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع

ناظم جوکھیو قتل کیس، گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع
November 16, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں ملیر کورٹ نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی۔

پولیس نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں گرفتار رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 6 ملزمان کو ملیرکی عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ناظم جوکھیو کا جلا ہوا موبائل فون اور کپڑے برآمد کرکے فرانزک کے لئے بھیج دیئے ہیں۔

مدعی کے وکیل نے کہا کہ ناظم جوکھیو کے کپڑے اور موبائل کی ان سے تصدیق نہیں کروائی گئی۔ یہ بھی کہا کہ ایس ایچ او میمن گوٹھ ملزمان سے رابطے میں ہے۔ عدالت سے درخواست کی کہ ایس ایچ او کے موبائل فون کا فرانزک کروایا جائے۔ مدعی مقدمہ نے کیس میں انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کی درخواست بھی کی۔

مدعی کے وکیل نے کہا کہ واقعے سے ملک بھر میں دہشت پھیلی ہے، سندھ اسمبلی کے وقار کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے سے متعلق آئندہ سماعت پر دلائل دیئے جائیں گے۔

تفتیشی افسر نےعدالت سے استدعا کی کہ مفرور ملزمان سے متعلق تفتیش کے لئے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے جس پرعدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 2 دن کی توسیع کردی۔

مقدمہ میں رکن قومی اسمبلی سمیت مجموعی طور پر اکیس ملزمان نامزد ہیں۔