Monday, May 20, 2024

ناظم جوکھیو قتل کیس، جوڈیشل مجسٹریٹ کا حتمی چالان جمع نہ کروانے پر اظہار برہمی

ناظم جوکھیو قتل کیس، جوڈیشل مجسٹریٹ کا حتمی چالان جمع نہ کروانے پر اظہار برہمی
December 30, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ناظم جوکھیو قتل کیس کا حتمی چالان جمع نہ کروانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے رکن سندھ اسمبلی جام اویس کو بغیر ہتھکڑی لگائے دیگر ملزمان کے ساتھ عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر حتمی چالان جمع کروانے میں ناکام رہا۔ بتایا کہ ڈی وی آر، یو ایس بی سمیت دیگر رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہیں۔ مزید مہلت دی جائے تاکہ حتمی چالان جمع کروایا جا سکے۔

عدالت نے تحقیقات مکمل نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ آخری بار دس دن کی مہلت دیتے ہوئے سماعت دس جنوری تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب ناظم جوکھیو کی بیوہ نے عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کی۔ شکوہ کیا کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے انصاف دلوانے کا وعدہ وفا نہیں کیا۔ یہ بھی بتایا کہ کچھ لوگ ملزمان سے ڈیل کروانا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے شوہر کی لاش کا سودہ نہیں کریں گی۔

بیوہ نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کیس میں دباو ڈال رہے ہیں۔ کہا کہ وہ انصاف کے لئے ہر فورم پر لڑیں گی۔

ناظم جوکھیو کو چند ماہ پہلے غیرملکی شہریوں کو تلور کا شکار سے روکنے اور ان کی ویڈیو بنانے پر قتل کیا گیا تھا۔