Friday, April 19, 2024

ناصروحشی تمہاری وجہ سے مرا !!! القاعدہ نے 2سعودی شہریوں کو گولی مار دی

ناصروحشی تمہاری وجہ سے مرا !!! القاعدہ نے 2سعودی شہریوں کو گولی مار دی
June 18, 2015
صنعا (ویب ڈیسک) القاعدہ کے عسکریت پسندوں نے 2سعودی شہریوں کو اس الزام میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے کہ ان کی طرف سے لگائے گئے ٹریکرز کی مدد سے گزشتہ ہفتے امریکی ڈرون حملے میں اس گروپ کا ایک لیڈر ہلاک ہو گیا تھا۔ ان دونوں سعودی شہریوں کے نام الخالدی اور المطیری بتائے گئے ہیں۔ دونوں کو ساحل سمندر پر گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ یمنی شہر مکلاّ کے رہائشیوں کے مطابق القاعدہ کی طرف سے ان سعودی شہریوں پر گاڑیوں اور ملبوسات کے اندر چپ نصب کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کی مدد سے ڈرون طیاروں کو یہ پتہ چل جاتا تھا کہ القاعدہ کے اہم کمانڈر حملے کے وقت کہاں ہیں۔ القاعدہ کے عسکریت پسندوں کے مطابق اسی طرح کی چپ کی وجہ سے حالیہ مہینوں کے دوران القاعدہ کے بہت سے کمانڈر مارے گئے۔ واضح رہے کہ دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کی جانب سے منگل کے روز تصدیق کی گئی تھی کہ اس کی یمنی شاخ کا اہم ترین رہنما ناصر الوحشی ایک امریکی فضائی کارروائی میں مارا گیا ہے۔ الوحشی اسامہ بن لادن کا قریبی مشیر ہونے کے ساتھ ساتھ القاعدہ کا نائب سربراہ بھی رہا تھا۔ مقامی افراد نے بتایا ہے کہ اس واقعہ کے بعد ایک مشتبہ امریکی ڈرون طیارے نے مکلاّ میں اس ہوٹل کو نشانہ بنایا جسے القاعدہ کے عسکریت پسند استعمال کرتے ہیں۔ اس ڈرون حملے میں چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔