Sunday, September 8, 2024

ناسا نے اگلے ماہ زمین تباہ ہونے کی خبروں کو مسترد کر دیا

ناسا نے اگلے ماہ زمین تباہ ہونے کی خبروں کو مسترد کر دیا
August 22, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) ناسا نے زمین پر آباد انسانوں کو پیغام دیا ہے کہ اب وہ سکون کا سانس لے سکتے ہیں کیونکہ خلاءمیں سفر کرتا ہوا کوئی بہت بڑا سیارچہ نہ تو زمین کی طرف آ رہا ہے اور نہ ہی اگلے مہینے زمین کی تباہی کا باعث بنے گا۔ تفصیلات کے مطابق ناسا کو یہ وضاحت دینے کی ضرورت اس لئے پیش آئی کیونکہ پچھلے کئی روز سے ایسی زبردست افواہیں گردش میں تھیں کہ زمین ستمبر کے مہینے میں اپنی طرف بڑھتے ہوئے ایک عظیم الجثہ سیارچے کے خود سے ٹکرانے کے نتیجے میں تباہ ہو جائے گی اور خاص طور پر شمالی اور جنوبی امریکی براعظموں کا زیادہ تر حصہ نیست و نابود ہو جائے گا۔ کئی انٹرنیٹ بلاگز اور نیوز ویب سائٹس کی طرف سے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ستمبر کے وسط سے لے کر آخر تک کے دو ہفتے کے عرصے میں کسی بھی وقت ایک بہت بڑا سیارچہ زمین کے اس حصے سے ٹکرائے گا جہاں پورٹو ریکو کی ریاست ہے اور وہاں علاقائی سطح پر وسیع تر تباہی دیکھنے میں آئے گی۔ اس پر ناسا نے کہا ہے کہ یہ دعوے قطعی بے بنیاد ہیں۔ ناسا نے کہا کہ اس وقت زمین کے قریب خلاءمیں جتنے بھی سیارچے موجود ہیں ان کے بارے میں سائنسی ڈیٹا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ان میں سے کسی کے بھی اگلے سو برسوں میں زمین سے ٹکرا جانے کا امکان صفر اعشاریہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔