Sunday, May 5, 2024

امداد پتافی نے نصرت عباسی سے بدکلامی پر معافی مانگ لی

امداد پتافی نے نصرت عباسی سے بدکلامی پر معافی مانگ لی
January 21, 2017

کراچی (92نیوز) پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر امداد پتافی نے قیادت کے نوٹس پر نصرت عباسی سے معذرت کر لی اور سندھ اسمبلی کی خاتون رکن کو بہن قرار دیدیا۔ نصرت سحر نے صوبائی وزیر کی معافی قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ امداد پتافی نے پارٹی دباؤ پر معافی مانگی، ان کا انداز شرمندگی والا نہیں، وہ نائلہ رند نہیں بنیں گی، قانونی کارروائی کریں گی۔

ادھر سندھ اسمبلی میں نصرت سحر عباسی کے ساتھ پیپلزپارٹی کے وزیر امداد پتافی کوگھٹیا زبان مہنگی پڑ گئی۔  پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کی بہن بختاور بھٹو زرداری نے جمعے کو ایوان کی کارروائی میں پیش آنے والے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا۔ سوشل میڈیا پیغام میں بختاور بھٹوزرداری نے امداد پتافی پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے ان سے نصرت سحر عباسی سے معافی مانگنے کا کہا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو سے کہا ہے کہ امداد پتافی کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں اور ان کے خلاف ایکشن سے قبل جواب طلب کیا جائے۔

ادھر بختاور بھٹو زرداری نے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ امداد پتافی کو اپنے رویے پر خاتون رکن سے معافی مانگنا پڑے گی۔ خواتین کے ساتهه اس طرح کا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ 

پیپلزپارٹی کی قیادت ایک مضبوط خاتون نے کی، یہ ہماری اخلاقیات نہیں ہیں۔ خواتین کے ساتهه ایسا برتاو پیپلزپارٹی کی روایات اور اخلاقیات کے منافی ہے۔