Wednesday, April 24, 2024

نازی جرمنی کو شکست دینے کی سالگرہ، روس میں جشن، ماسکوپریڈ میں بیس سے زائد ممالک کے سربراہان کی شرکت

نازی جرمنی کو شکست دینے کی سالگرہ، روس میں جشن، ماسکوپریڈ میں بیس سے زائد ممالک کے سربراہان کی شرکت
May 9, 2015
ماسکو (ویب ڈیسک) روس کے دارالحکومت ماسکو میں دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کے خلاف فتح کی سترویں سالگرہ کے موقع پر شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چینی صدر شی جن پنگ، بھارتی صدر پرناب مکھرجی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی شرکت کی۔ ریڈسکوائر پر ہزاروں فوجیوں نے پریڈ میں حصہ لیا اور جدید دفاعی سازوسامان کی نمائش بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ بیس سے زائد ممالک کے سربراہان ماسکو میں ہیں، فتح کا جشن مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے شروع ہوا۔ روس میں ہر علاقے کی فوجی اکائیاں جن میں سے بعض دوسری جنگ عظیم کی وردی میں تھیں ریڈ سکوائر پر مارچ کیا جبکہ ایک سو سے زائد طیاروں سمیت نئی ہائی ٹیک زرہ بکتر ٹی-14 جنگی ٹینک اور 125 ایم ایم دہانے والی توپ جو نہ صرف گولے بلکہ گائیڈڈ میزائل فائر کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے، کو نمائش کا حصہ بنایا گیا،اس کے علاوہ آر ایس-24 یارس نامی بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی نمائش میں شامل ہے جو تین جوہری بم لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ روس کے دوسرے شہروں میں بھی چھوٹے پیمانے پر فوجی پریڈ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ ان میں کرائمیا کا شہر سواستوپول بھی شامل ہے جسے گذشتہ سال مارچ میں روس نے یوکرین سے علیحدہ کر کے اپنے ملک میں ضم کر لیا تھا۔