Saturday, May 11, 2024

نازو شنواری کی والدہ سمیرا صفدر قتل کیس میں دو مرکزی ملزم گرفتار

نازو شنواری کی والدہ سمیرا صفدر قتل کیس میں دو مرکزی ملزم گرفتار
September 26, 2019
 پشاور (92 نیوز) 92 نیوز کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔ اسلام آباد کی رہائشی نازوشنواری کے والدین قتل کیس میں اہم پیش رفت ہو گئی۔ پشاور پولیس نے نازو کی والدہ سمیرا اور ڈرائیور قتل کیس کے دو مبینہ مرکزی ملزموں کو گرفتارکر لیا۔ پولیس کے مطابق کیس میں ملزموں کے چار سہولت کار بھی گرفتار کئے گئے۔ ملزموں اسفندیار اور سلیمان پر سترہ اگست کو موٹروے انٹرچینج کے قریب فائرنگ کرکے نازو کی والدہ اور ڈرائیورانعام اللہ کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ نازو شنواری والدہ قتل کیس میں دو افراد عمران مبین اورعامر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کی درخواست کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج کی چھٹی پر ہونے کے باعث 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ قبل ازیں نازو شنواری والدین قتل کیس میں تین ملزموں نے عبوری ضمانت میں ایک بار پھر توسیع کرا لی تھی ۔دیگر چار ملزموں نے بھی ضمانتوں کیلئے درخواستیں دائر کر دیں۔  ملزمان میں سلیمان خان، عبدالرحمٰن، حاجی مقرب خان اور اسفند یار خان شامل ہیں۔ نازو شنواری کا کہنا تھا آج ایک بار پھر عبوری ضمانت میں توسیع سے بہت مایوسی ہوئی۔ وہ دن دور نہیں جب یہ لوگ قانون کی گرفت سے نکل کر مجھے بھی قتل کر دینگے۔ نازو شنواری نے کہا سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ کیسا انصاف ہے۔ قاتل دندناتے پھر رہے ہیں اور ہم خوف کے باعث چھپے ہوئے ہیں۔ نازو شنواری کے والد صفدر کو جائیداد کے تنازعے پر قتل کیا گیا تھا۔ والدہ نے انصاف کے لئے بھاگ دوڑ شروع کی تو پشاور میں پیشی سے واپسی پر اسے ڈرائیور سمیت قتل کر دیا گیا تھا۔ چمکنی پولیس نے مقدمہ پہاڑی پورہ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا اور یوں انصاف لٹکا ہی رہ گیا تھا۔