Friday, April 26, 2024

ناروے، فلپائن، ہالینڈ، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے اعلیٰ سطحی وفود کی پاکستان آمد، ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہونیوالے ہم وطنوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ساتھ لے جا سکیں گے

ناروے، فلپائن، ہالینڈ، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے اعلیٰ سطحی وفود کی پاکستان آمد، ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہونیوالے ہم وطنوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ساتھ لے جا سکیں گے
May 10, 2015
اسلام آباد (92نیوز) نلتر ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد جل کر ہلاک اور زخمی ہونے والے سفیروں کو ساتھ لے جانے کیلئے فلپائن، ہالینڈ، انڈونیشیا اور ملیشیا کے اعلیٰ سطحی وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نلتر ہیلی کاپٹر حادثے میں جل کر ہلاک ہونے والے سفیروں کی لاشوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ نلتر ہیلی کاپٹر حادثے میں ناروے اور فلپائن کے سفیر، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے سفیروں کی بیگمات بری طرح جھلس کر ہلاک ہوئے جس کی وجہ سے لاشیں ناقابل شناخت ہو گئیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ سے شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔ انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن اور ناروے کے وفود اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وفود میں متوفین کے اہل خانہ بھی شامل ہیں، ڈی این اے سیمپل لئے جائیں گے۔ حکومت پاکستان کی درخواست پر ڈی این اے ٹیسٹ کے ماہرین بھی وفود کے ہمراہ آئے ہیں۔ غیرملکی وفود کی دفترخارجہ میں پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلپائن کی نائب وزیرخارجہ بھی وفود کے ہمراہ پاکستان آئی ہیں۔ ہالینڈ کے زخمی سفیر کو لے جانے کیلئے ایئر ایمبولینس بھی آج پہنچنے کا امکان ہے۔ حادثے میں شہید ہونے والے میجر التمش، میجر فیصل اور نائب صوبیدار ذاکر علی کی میتیں بھی سی ایم ایچ میں رکھی ہیں اور ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد تدفین کیلئے آبائی علاقوں میں بھیجی جائیں گی۔