Thursday, April 25, 2024

ناروے سے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں !!! نوازشریف کی نارویجن وزیرخارجہ سے ملاقات، روسی خبررساں ادارے کو انٹرویو

ناروے سے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں !!! نوازشریف کی نارویجن وزیرخارجہ سے ملاقات، روسی خبررساں ادارے کو انٹرویو
July 7, 2015
لاہور (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے روسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ امور کو حل کیا جانا چاہئے، شنگھائی تعاون تنظیم دونوں ممالک کو مشترکہ کام کرنے کےلئے پلیٹ فارم فراہم کرے، پاکستان اور روس توانائی کے شعبے میں کئی منصوبوں پر تعاون کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے مزید کہا کہ ترقی اور معاشی خوشحالی کےلئے ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔ روسی خبر رساں ادارے آر آئی اے نووستی کو انٹرویو میں نواز شریف نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ شنگھائی تعاون تنظیم پاکستان اور بھارت کو اکٹھے کام کرنے اور باہمی اعتماد میں اضافے کا پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تنظیم میں شمولیت دونوں ممالک کے مفاد میں ہے اور تعاون کے اصولوں کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں مدد گار ہو گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں ثقافتی، جغرافیائی اور لسانی روابط کے باوجود دونوں جنوبی ایشیائی ممالک کے تعلقات کو کشمیر سمیت دیگر مسائل نے گہنا رکھا ہے۔ قبل ازیں اوسلو میں ناروے کے وزیر خارجہ برگ برندا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ناروے مختلف عالمی فورموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرتے رہے ہیں اور پاکستان ناروے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کاخواہاں ہے۔ پاکستان ناروے کےساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے نلتر میں المناک ہیلی کاپٹر حادثے میں ناروے کے سفیر لیف ایچ لارسن کی موت پر اظہار تعزیت کیا۔ برگ برندا نے تعلیم کیلئے پاکستانی وزیر اعظم کے عزم اور ناروے میں مقیم 35ہزار پاکستانی باشندوں کی ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے کردارکو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا تارک وطن پاکستانی دونوں ممالک میں مضبوط تعلقات کا باعث ہیں۔ اس موقع پر عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ بعدازاں وزیر اعظم نے برگ برنڈا کے استقبالیہ میں شرکت کی جس میں متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور دیگر عالمی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔