Friday, April 26, 2024

نارووال : چھ بچوں کا باپ چلتی بس سے گر کر جاں بحق ،لواحقین کا احتجاج

نارووال : چھ بچوں کا باپ چلتی بس سے گر کر جاں بحق ،لواحقین کا احتجاج
June 28, 2015
نارووال(92نیوز)چلتی بس سے گر کر چھ بچوں کا باپ جاں بحق ،اہل علاقہ کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج،ٹائروں کو آگ لگا کر نیو لاہور روڈ پر ٹریفک معطل کردی ،پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی ٹریفک بحال نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق نارووال کے نواحی قصبہ اورنگ آباد کارہائشی محنت کش امانت مسیح جو کہ چھ بچوں کا باپ ہے لاہور سے محنت مزدوری کر کے آ رہا تھا کہ نیو لاہور روڈ پر اپنے گاؤں کے سٹاپ اورنگ آبادپہنچا تو بس کنڈیکٹر نے چلتی بس سے اتاردیا ،جلد بازی میں سلامت مسیح بس تلے آکر جاں بحق ہو گیا۔ سلامت مسیح کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور نیو لاہور روڈ پر ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج شروع کر دیا۔ مشتعل مظاہرین نے نعش سڑک پر ہی رکھ کر پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی،متعلقہ تھانہ رعیہ خاص کی پولیس واقعہ کی اطلاع پر فوراً موقع پر پہنچی مگر مظاہر ین نے ڈی پی او نارووال کی آمد تک نعش اٹھانے اور ٹریفک بحال نہ کر نے کا مطالبہ کیا،شدید گر می کے باعث نیو لاہور روڈ پر مسافر بسوں ،ویگنوں اور کاروں کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں جن میں سوارمسافروں، روزہ داروں خاص کر بچوں اور بوڑھوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ہے۔